علم التذکیر بالآء اللہ
3-علم التذکیر بالآء اللہ
اس علم کا موضوع بحث اللہ تعالیٰ کی تخلیق اور اس کا تخلیقی وصف ہے۔ جس کے تحت آفاق و انفس میں بکھرے دلائل اس کی کمالِ قدرت، اس کی بے مثال صناعت اور اس کی لازوال حکمت پر دلالت کرتے ہیں۔ کائنات کے ہر مظہر کو اللہ کے وجود پر بطور دلیل پیش کیا گیا ہے۔ زمین و آسماں کی تخلیق میں، رات اور دن کے بدلنے میں، ہواؤں کے چلنے میں، بادلوں کے برسنے میں، ان کے ذریعے مردہ زمین کے زندہ ہونے میں، سمندروں، پہاڑوں، صحراؤں، چوپایوں اور اس طرح کے بے شمار مظاہر میں لا تعداد نشانیوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد انسانوں کو خالق کے ساتھ کثیر الجہتی تعلق میں وابستہ کرنا ہے۔ تاکہ انسان بیک وقت مادی تسخیر کے ساتھ ساتھ روحانی ترقی سے بھی ہمکنار ہو سکے۔